آج کی حدیث

منجانب: الطبي Jul 06,2022
آج کی حدیث

حضرت ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا :’’ جس نے اللہ کے علاوہ کسی کی قسم اٹھائی ، اس نے شرک کیا ۔‘‘مشکوۃ المصابیح، حدیث: 3419

حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی اکرم  ﷺ  نے فرمایا :’’ جو شخص ذوالحجہ کا چاند دیکھ لے اور وہ قربانی کرنے کا ارادہ رکھتا ہو تو وہ اپنے بال اور ناخن نہ کاٹے حتی کہ قربانی کر لے ۔'' 

 سنن نسائی، حدیث: 4366

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ صدقہ سے مال کم نہیں ہوتا ، درگزر کرنے اور معاف کر دینے سے اللہ بندے کی عزت میں اضافہ فرماتا ہے ، اور جو کوئی اللہ کی خاطر تواضع اختیار کرتا ہے تو اللہ اس کو رفعت عطا فرماتا ہے ۔‘‘

مشکوۃ المصابیح، حدیث: 1889

حضرت ابودرداء ؓ اور ابوذر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے اللہ تبارک و تعالیٰ سے روایت کیا کہ اس نے فرمایا :’’ ابن آدم! دن کے اول وقت میرے لیے چار رکعتیں پڑھ ، تو میں تجھے دن کے آخر وقت تک کافی ہو جاؤں گا ۔‘‘  

مشکوۃ المصابیح، حدیث: 1313

 حضرت عقبہ بن عامر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس نے (کسی کا) کوئی عیب دیکھا اور اس کی پردہ پوشی کی تو وہ اس شخص کی طرح ہے جس نے زندہ درگور کو زندہ کیا ۔‘

مشکوۃ المصابیح، حدیث: 4984

حضرت ابن مسعود ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے جمعہ سے پیچھے رہ جانے والے لوگوں کے بارے میں فرمایا :’’ میں نے ارادہ کیا کہ میں کسی آدمی کو حکم دوں وہ لوگوں کو نماز پڑھائے ، پھر میں جمعہ سے پیچھے رہ جانے والے لوگوں کو گھروں سمیت آگ لگا دوں ۔‘'

مشکوۃ المصابیح، حدیث: 1378

 رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”جس نے « سبحان الله وبحمده‏ » دن میں سو مرتبہ کہا، اس کے گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں، خواہ سمندر کی جھاگ کے برابر ہی کیوں نہ ہوں۔“ 

صحیح بخاری، حدیث: 6405

 نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جسے پسند ہے کہ اس کی روزی میں فراخی ہو اور اس کی عمردراز کی جائے تو وہ صلہ رحمی کیا کرے۔ 

صحیح بخاری، حدیث: 5985

حضرت ابو ذر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:کسی نیکی کو ہرگز حقیر نہ سمجھنا,پس اگر تیرے پاس کچھ نہ ہو تو مسکراتے چہرے کے ساتھ مل لیا کر

(مسند احمد,۹٥٤۹)

 حضرت انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ وہ شخص ، جس کی شرانگیزیوں سے اس کا پڑوسی محفوظ نہ ہو وہ جنت میں نہیں جائے گا ۔‘‘

مشکوۃ المصابیح، حدیث:4963

حضرت جابر بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے قبر کو پختہ بنانے ، اس پر عمارت بنانے اور اس پر (مجاور) بن کر بیٹھنے سے منع فرمایا ہے.

مشکوۃ المصابیح، حدیث: 1697

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ تین دعائیں ایسی ہیں جن کی قبولیت میں کوئی شک نہیں ، والد کی دعا ، مسافر کی دعا اور مظلوم کی دعا ۔‘‘

مشکوۃ المصابیح، حدیث:2250

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ کسی کو پچھاڑنے والا شخص زیادہ طاقت ور نہیں ، طاقت ور شخص تو وہ ہے جو غصے کے وقت اپنے آپ پر قابو رکھے. 

مشکوۃ المصابیح، حدیث: 5105

حضرت عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ بے شک مومن اپنے حسن خلق کی وجہ سے روزے دار اور تہجد گزار شخص کا درجہ پا لیتا ہے ۔‘‘ 

مشکوۃ المصابیح، حدیث:5082

 حضرت ابوذر ؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ جس نے کسی ایسی چیز کا دعوی کیا جو کہ اس کی نہیں تو وہ اپنا ٹھکانا جہنم میں بنا لے ۔‘‘

مشکوۃ المصابیح، حدیث:3765

 حضرت ابوقتادہ ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ جو شخص کسی تنگدست کو مہلت دے یا اسے قرض معاف کر دے تو اللہ اسے روز قیامت کی تکلیفوں سے نجات دے دے گا ۔‘‘  

مشکوۃ المصابیح، حدیث:2903

 حضرت ابومسعود ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جب مسلمان اللہ کی رضا اور حصول ثواب کی نیت سے اپنے اہل و عیال پر خرچ کرتا ہے تو وہ اس کے لیے صدقہ ہے ۔‘‘

مشکوۃ المصابیح، حدیث:1930

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ لوگوں پر ایک ایسا زمانہ آئے گا کہ آدمی اس بات کی پرواہ نہیں کرے گا کہ وہ حلال طریقے سے کما رہا ہے یا حرام طریقے سے ۔‘‘  

مشکوۃ المصابیح، حدیث: 2761

حضرت عبداللہ بن عمرو ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ تم میں سب سے بہتر شخص وہ ہے جو تم میں اخلاق میں سب سے زیادہ اچھا ہے." 

مشکوۃ المصابیح، حدیث: 5075

 حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے نبی ﷺ سے درخواست کی ، مجھے وصیت فرمائیں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ غصہ نہ کیا کر ۔‘‘ اس نے کئی بار یہی درخواست کی ، آپ ﷺ نے (ہر بار یہی) فرمایا :’’ غصہ نہ کیا کر ۔‘‘

مشکوۃ المصابیح، حدیث: 5104

 حضرت ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، نبی ﷺ نے فرمایا :’’ کیا میں تمہیں مقام و مرتبہ کے لحاظ سے بدترین شخص کے بارے میں نہ بتاؤں ؟‘‘ عرض کیا گیا ، جی ہاں ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جس سے اللہ کے نام پر سوال کیا جائے اور وہ نہ دے.

مشکوۃ المصابیح، حدیث:1881

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو اپنے اہل و عیال کے لیے بہتر ہو، اور میں اپنے اہل و عیال کے لیے تم میں سب سے بہتر ہوں. 

(سنن ابن ماجہ،1977)

 حضرت ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ میری امت کے ستر ہزار افراد حساب کے بغیر جنت میں جائیں گے ، یہ وہ لوگ ہیں جو نہ دم جھاڑ کراتے ہیں اور نہ بدشگونی لیتے تھے اور وہ اپنے رب پر توکل کرتے تھے 

مشکوۃ المصابیح، حدیث: 5295

 حضرت انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ تم میں سے ہر شخص کو اپنی تمام ضرورتیں اپنے رب سے مانگنی چاہئیں حتیٰ کہ جب اس کے جوتے کا تسمہ ٹوٹ جائے تو اس کے بارے میں بھی اسی سے سوال کرنا چاہیے ۔‘‘ ، 

 مشکوۃ المصابیح، حدیث:2

 حضرت عبداللہ بن عمرو ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ کے ساتھ شریک بنانا ، والدین کی نافرمانی کرنا ، قتل نفس اور جھوٹی قسم اٹھانا کبیرہ گناہ ہیں ۔

مشکوۃ المصابیح، حدیث :50

 حضرت ابوامامہؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس شخص نے اللہ کے لیے محبت کی ، اللہ کی خاطر بغض رکھا ، اللہ کی رضا کی خاطر عطا کیا اور اللہ کے لیے روک لیا تو اس نے ایمان مکمل کر لیا ۔‘‘ ، 

(مشکوۃ المصابیح) 

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ یقیناً اللہ تمہاری صورتوں اور اموال کو نہیں دیکھتا ، بلکہ وہ تمہارے دلوں اور اعمال کو دیکھتا ہے۔‘‘

مشکوۃ المصابیح

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ‘ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص لوگوں کا شکریہ ادا نہیں کرتا ‘ وہ اللہ تعالی کا بھی شکر گزار نہیں ہوتا ۔‘‘ 

سنن ابو داؤد، حدیث:4811

 حضرت ام کلثوم ؓ بیان کرتی ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ لوگوں کے درمیان صلح کرانے والا شخص جھوٹا نہیں، وہ خیر و بھلائی کی بات کرتا ہے اور خیر و بھلائی کی بات ہی آگے پہنچاتا ہے. 

مشکوۃ المصابیح، حدیث: 4825

حضرت جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ تم میں سے کسی کا عمل اسے جنت میں داخل کرا سکتا ہے نہ اسے جہنم سے بچا سکتا ہے اور میں بھی اللہ کی رحمت کے ساتھ (جنت میں جاؤں گا) ۔‘‘

صحیح مسلم، حدیث: 2372